شرح سود میں کمی اور معاشی بہتری کے اثرات کے باعث پاکستان میں آٹو انڈسٹری بحال ہونے لگی ہے، جس کا ثبوت گاڑیوں کی فروخت میں نمایاں اضافہ ہے۔ پاکستان آٹوموٹیو مینوفیکچررز ایسوسی ایشن (پاما) کے جاری کردہ اعدادوشمار کے مطابق، اکتوبر 2024 میں ملک میں مجموعی طور پر 13,108 گاڑیاں فروخت ہوئیں جبکہ اکتوبر 2023 میں یہ تعداد 6,180 تھی، یوں گاڑیوں کی فروخت میں ماہانہ 27 فیصد اور سالانہ بنیاد پر 112 فیصد کا اضافہ ہوا ہے۔
پاما کے مطابق دو اور تین ویلرز کی فروخت 1 لاکھ 37 ہزار یونٹس تک پہنچ گئی ہے، جو کہ 28 ماہ کی بلند ترین سطح ہے۔ اسی طرح، ٹریکٹرز کی فروخت میں بھی بہتری آئی ہے، جہاں اکتوبر میں 1,733 ٹریکٹرز فروخت ہوئے جبکہ ستمبر میں یہ تعداد 1,076 تھی۔
مالی سال 25ء کے پہلے 4 ماہ میں گاڑیوں کی فروخت 50 فیصد اضافے کے ساتھ 40,693 یونٹس رہی، جبکہ گزشتہ مالی سال کے اسی عرصے میں یہ تعداد 27,163 تھی۔