کلاؤڈ سیڈنگ (Cloud Seeding)
موجودہ بگڑتی ہوئی موسمی صورتحال کے پیش نظر مصنوعی بارش کا کافی ذکر کیا جا رہا ہے۔ کیا آپ جانتے ہیں یہ مصنوعی بارش کیسے ہوتی ہے؟
مصنوعی بارش برسانے کے عمل کو کلاؤڈ سیڈنگ (Cloud Seeding) کا نام دیا جاتا ہے۔ اس تکنیک کے ذریعے ہوائی جہاز، راکٹ یا مخصوص آلات کے ذریعے دو سے چار ہزار فٹ بلندی سے بادلوں پر مختلف کیمیکلز (سلور آئیوڈائڈ، پوٹاشیم آئیوڈائڈ اور سوڈیم کلورائیڈ) کا چھڑکاؤ کیا جاتا ہے۔
یہ کیمیکلز بادلوں کے کرسٹلز بنا کر انہیں بھاری کرتے ہیں اور بارش میں بدلتے ہیں۔ اس کے لیے سب سے پہلے سیٹلائٹ کے ذریعے ایسے بادلوں کی نشاندہی کی جاتی ہے جو بارش کا سبب بن سکیں۔ صرف یہی نہیں بلکہ مصنوعی بارش برسانے کے لیے ضروری ہے کہ ہوا میں نمی کی شرح 70 سے 75 فیصد اور ہوا کی رفتار 30 سے 50 کلو میٹر فی گھنٹہ ہو۔
حالیہ دنوں میں جہلم اور گوجر خان میں اسی تکنیک کے استعمال سے مصنوعی بارش کا کامیاب تجربہ کیا گیا ہے جو کہ سموگ سے چھٹکارا حاصل کرنے میں کافی مددگار ثابت ہوئی ہے۔